پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ اقرا عزیز اور نووارد مگر باصلاحیت اداکار شجاع اسد پہلی مرتبہ ایک ساتھ ڈرامہ سیریل میں جلوہ گر ہونے جا رہے ہیں۔
ان دونوں کی نئی جوڑی رومانوی ڈرامے ’پیرَڈائز‘ میں نظر آئے گی، جس کی نشریات کا آغاز 14 اپریل سے کیا جائے گا۔ یہ ڈرامہ ہر پیر اور منگل کی رات 8 بجے ایکسپریس ٹی وی پر نشر ہوگا۔
ڈرامے کی ہدایت کاری معروف اداکار و ڈائریکٹر یاسر حسین نے کی ہے جبکہ اس کی کہانی ناصر حسین اور یاسر تاج کی مشترکہ تحریر ہے۔ ’پیرَڈائز‘ ایک جذبات سے لبریز اور مختلف انداز کی محبت کی داستان ہے، جو اس خیال کو اجاگر کرتی ہے کہ سچی محبت خاموشی سے آتی ہے، اور انسان اکثر دیر سے اس کی گہرائی کو سمجھتا ہے۔
مرکزی کرداروں فیا اور تیمور کے گرد گھومتی یہ کہانی روایتی “پہلی نظر کی محبت” سے ہٹ کر ایک جذباتی بندھن کی تشکیل کو نمایاں کرتی ہے۔ ڈرامہ ناظرین کو ایک نئی رومانوی دنیا میں لے جائے گا، جہاں جذبات، تعلقات اور قربت کی ایک منفرد شکل کو دکھایا گیا ہے۔