اسلام آباد ۔ قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کے روز کورم کی کمی کے باعث پیر 14 اپریل 2025 کی شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
اجلاس کی صدارت اسپیکر سردار ایاز صادق نے کی، جو جیسے ہی شروع ہوا، پاکستان تحریک انصاف کے رکن اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ اس پر اسپیکر نے ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ایوان کی کارروائی کو آگے بڑھنے نہیں دیتی۔
گنتی کرائی گئی مگر مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر اجلاس میں 30 منٹ کا وقفہ لینا پڑا۔
اپوزیشن کے رکن صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ آج ایوان میں فلسطین کے مسئلے پر بات ہونی تھی، اور انہوں نے اپنی پارٹی کے رکن کو کورم کی نشاندہی سے باز رکھنے کی کوشش کی۔
اسپیکر ایاز صادق نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے سات اپریل کو نہروں سے متعلق قرارداد پیش کی تھی جس پر کئی اراکین نے اظہارِ خیال کیا، تاہم اپوزیشن نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جے یو آئی بائیکاٹ میں شامل نہیں تھی۔
اسپیکر نے مزید کہا کہ اگر نہری نظام پر بحث مقصود ہے تو ارکان کو ایوان میں موجود بھی رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ایوان کی کارروائی کو بار بار روکتی ہے، گزشتہ روز بھی کورم کی نشاندہی کی گئی تھی، حالانکہ سوال و جواب کے سیشن میں اپوزیشن کے اہم سوالات شامل تھے، اور آج بھی یہی صورتحال رہی۔ کورم مکمل نہ ہونے پر اجلاس کو پیر تک مؤخر کر دیا گیا۔