جدہ (نورالحسن گجر سے )یومِ قراردادِ پاکستان کے موقع پر قونصل خانہ پاکستان جدہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی پرچم کشائی کی گئی۔ اس موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا، جبکہ بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران صدر پاکستان، وزیرِاعظم پاکستان اور نائب وزیرِاعظم/وزیر خارجہ پاکستان کے خصوصی پیغامات بھی سنائے گئے، جن میں یومِ پاکستان کی اہمیت اور قومی یکجہتی پر زور دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل پاکستان، جناب خالد مجید نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء کو لاہور قرارداد کے ذریعے ایک علیحدہ اسلامی ریاست کے قیام کی بنیاد رکھی گئی، جو 1947 میں پاکستان کی صورت میں حقیقت بنی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے دیے گئے اصولوں “اتحاد، ایمان اور تنظیم” کی یاد دلاتا ہے۔
قونصل جنرل نے پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ یہ کمیونٹی نہ صرف سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی پیش پیش ہے۔