اسلام آباد ۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف 19 سے 22 مارچ 2025 تک سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، معاشی تعاون کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور وفاقی وزراء شامل ہیں۔
اس دورے کے دوران وزیرِ اعظم کی سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم عزت مآب محمد بن سلمان آل سعود سے ملاقات متوقع ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دینے، اہم شعبوں میں شراکت داری بڑھانے اور اقتصادی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ، دونوں رہنما بین الاقوامی اور علاقائی معاملات پر بھی گفتگو کریں گے، جن میں بالخصوص غزہ اور مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال، امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور شامل ہوں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تجارتی و سفارتی روابط میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور علاقائی و عالمی امور پر مشترکہ حکمت عملی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔