پشاور۔جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک بازار کی مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں جے یو آئی کے ضلعی امیر عبداللہ ندیم سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق، دھماکا اعظم ورسک بازار کی ایک مسجد میں ہوا، جس میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکے میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے ضلعی امیر عبداللہ ندیم بھی زخمی ہو گئے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ڈی پی او لوئر وزیرستان آصف بہادر نے بتایا کہ دھماکا جنوبی وزیرستان کے اعظم ورسک علاقے کی مولانا عبدالعزیز مسجد میں ہوا، جہاں محراب کے قریب ریموٹ کنٹرول بم رکھا گیا تھا۔ دھماکا نماز سے کچھ دیر قبل ہوا۔ آصف بہادر نے مزید کہا کہ یہ دھماکا جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر مولانا عبداللہ ندیم کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔ اب تک دھماکے کے نتیجے میں مولانا عبداللہ ندیم سمیت چار افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال وانا منتقل کیا جا رہا ہے، اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version