راولپنڈی ۔اڈیالہ جیل کے ذرائع کے مطابق، بانی پاکستان تحریک انصاف کے جیل میں ماہانہ اخراجات 4 سے 5 لاکھ روپے تھے، تاہم بشریٰ بی بی کی جیل میں آمد کے بعد ان میں مزید 2 لاکھ روپے کا اضافہ ہوگیا، جس سے مجموعی خرچ 7 لاکھ روپے تک پہنچ گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے کھانے سمیت دیگر اخراجات ان کی فیملی برداشت کر رہی ہے۔ وہ ناشتہ، دوپہر اور رات کے کھانے کا مینو خود ترتیب دیتے ہیں، جبکہ دونوں کے لیے الگ کچن میں مشقتی کھانے کی تیاری کرتے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی جیل کے عمومی مینو سے کھانے کے بجائے اپنی پسند کا کھانا کھاتے ہیں۔ ناشتے میں وہ تازہ جوسز اور ناریل کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ دن میں تین مرتبہ کافی پیتے ہیں۔ ان کے کھانے کی تیاری کے بعد ماہر غذائیت (نیوٹریشنسٹ) اسے چیک کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، بانی پی ٹی آئی کو پنک سالمن مچھلی اور دیسی مرغ کی یخنی پسند ہے، اور ان کے ذوق کے مطابق روزانہ خصوصی کھانے تیار کیے جاتے ہیں۔ جیل میں ان کے اور بشریٰ بی بی کے لیے ایک الگ اکاؤنٹ موجود ہے، جس میں فیملی کی جانب سے رقم جمع کرائی جاتی ہے۔ اکاؤنٹ میں رقم کم ہونے کی صورت میں فیملی کو آگاہ کیا جاتا ہے۔