لاہور۔نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بنگلادیش کی شکست کے بعد پاکستان کا چیمپئنز ٹرافی میں سفر ختم ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ بھارت نے گزشتہ روز پاکستان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

پاکستان نے اپنا پہلا میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا، جس میں قومی ٹیم کو 60 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

گروپ کا دوسرا میچ پاکستان نے بھارت کے خلاف دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا، جہاں ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے باآسانی ہرایا۔

سہ فریقی ٹورنامنٹ کے بعد چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کی کمزور کارکردگی پر کرکٹ شائقین، سابق کھلاڑیوں اور ماہرین نے قومی ٹیم، مینجمنٹ اور کرکٹ بورڈ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ 2027 کے ورلڈکپ میں بہتر نتائج کے لیے قومی ٹیم میں 6 کھلاڑیوں کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔

یاد رہے کہ 2017 میں پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version