اسلام آباد ۔سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وہ مسلسل یہ کہہ رہے تھے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار میں آنے سے کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا، اور ان کے بقول، پی ٹی آئی خود چاہتی ہے کہ اس کے بانی عمران خان جیل میں رہیں۔
یہ بات انہوں نے کسٹمز ایجنٹس کی پریس کانفرنس کے اختتام پر کہی۔ اس سے قبل، کسٹمز ایجنٹس نے ایک پریس کانفرنس کی، جس میں فیصل واوڈا بھی شریک ہوئے اور کہا کہ وہ صرف یکجہتی کے لیے نہیں بلکہ ان کا مسئلہ حل کرنے آئے ہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ کسٹمز ایجنٹس کے مسائل حل کرنے کے لیے وہ سینیٹ کی فنانس کمیٹی میں معاملہ اٹھائیں گے، جس کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہر مسئلے کے حل کے لیے فوج کو پکارا جا رہا ہے اور جب زیادہ تر مسائل فوج نے ہی حل کرنے ہیں، تو ان کی تعریف بھی ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سالانہ 4,800 ارب روپے کے نقصان کا تخمینہ انتہائی تشویشناک ہے، اور میڈیا کے کردار کو اہم قرار دیا، کیونکہ میڈیا ان مسائل کو اجاگر کرنے اور حل کروانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ وزیر خزانہ اور وزیر مملکت سے اس معاملے پر بات کریں گے اور بدعنوانی میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “ایک سمجھوتے کے تحت پی ٹی آئی خود اپنے بانی کو جیل میں رکھے ہوئے ہے۔”
انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس میں شامل تمام بڑی پارٹیاں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں اور فی الحال کوئی بڑا سیاسی احتجاج یا ہنگامہ خیزی نظر نہیں آ رہی۔
انہوں نے سیاستدانوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “سیاستدان بے ایمان، مکار، فنکار اور چور ہیں۔”