کراچی ۔چیمپئنز ٹرافی کے شاندار انعقاد کی تیاریوں کے تحت تزئین و آرائش اور تعمیر کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کا باوقار افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی سمیت اہم شخصیات موجود تھیں۔

تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین، صوبائی وزراء، اعلیٰ حکام، معروف کرکٹرز، اور شہر کی معزز شخصیات کے علاوہ عام شہریوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 3 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے تزئین و آرائش کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد منعقدہ اس تقریب میں رنگا رنگ موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا۔

تقریب میں نامور گلوکاروں علی ظفر، شفقت امانت علی، اور ساحر علی بگا سمیت دیگر فنکاروں نے اپنی دلکش پرفارمنس سے شرکاء کو محظوظ کیا۔

اسٹیڈیم میں نصب جدید ڈیجیٹل اسکرینز پر حاضرین مختلف مناظر سے لطف اندوز ہوتے رہے، جبکہ جدید ایل ای ڈی لائٹس کے ذریعے دلکش لیزر لائٹ شو بھی پیش کیا گیا۔

تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جبکہ عوام کی بھرپور شرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے تقریب میں عام شہریوں کا داخلہ مفت رکھا گیا تھا۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version