کراچی: پاکستان میں کل دو مختلف فلکیاتی مظاہر کا امتزاج ‘سپر بلیو مون’ دیکھنے کو ملے گا، جو کہ رواں برس کا پہلا سپر مون ہوگا۔ اگلا سپر مون جنوری 2037 میں ہوگا۔
سپورکو کے ترجمان نے بتایا کہ کل پیر کی رات 11:26 بجے پاکستان میں سپر بلیو مون ظاہر ہوگا۔ ‘سپر بلیو مون’ دراصل دو مختلف فلکیاتی مظاہر کا امتزاج ہے۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ یہ نایاب واقعہ اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب “سپر مون” اور “بلیو مون” ایک ہی تاریخ کو ظاہر ہوتے ہیں۔ سپر مون کا مطلب ہے جب چاند اپنے مدار میں زمین کے قریب آجاتا ہے، تقریباً دو لاکھ 26 ہزار میل کے فاصلے پر، جس کی وجہ سے چاند اوسطاً 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ رواں سال 2024 کا پہلا سپر مون ہے، اور آئندہ تین سپر مون 18 ستمبر، 17 اکتوبر، اور 15 نومبر کو دیکھے جا سکیں گے۔
بلیو مون سے مراد ہے کہ ایک ہی موسم میں چار مکمل چاند نظر آئیں، جو ایک بہت ہی نایاب مظہر ہے۔ بلیو مون کی اصطلاح اس وقت استعمال ہوتی ہے جب ایک ہی موسم میں چار بار مکمل چاند ظاہر ہو۔
ترجمان نے کہا کہ 19 اگست کا سپر بلیو مون اس سیزن کا تیسرا بلیو مون ہے، اور بلیو مون بہت کم نظر آنے والا مظہر ہے جو دو سے تین سال کے عرصے میں ہوتا ہے، جو ان کی نایابی کو ظاہر کرتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ سپر مون اور بلیو مون کا امتزاج مزید غیر معمولی ہے، ایسے واقعات اوسطاً ہر 10 سال بعد ہوتے ہیں، اور بعض اوقات یہ وقفہ 20 سال تک بھی ہو سکتا ہے۔ امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے مطابق، اگلا سپر بلیو مون جنوری 2037 میں ہوگا، جس کی وجہ سے پیر کا واقعہ فلکیاتی شوقین افراد کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہو سکتا ہے۔