اسلام آباد۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے امریکا کے ساتھ اپنی قریبی شراکت داری کو برقرار رکھے گا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں اور تعاون کو تسلیم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر نے آئی ایس کے پی کے آپریشنل کمانڈر شریف اللہ کی گرفتاری کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا، جو افغانستان کا شہری اور ایک مطلوب دہشت گرد تھا۔ یہ کارروائی پاک افغان سرحدی علاقے میں کامیابی سے انجام دی گئی، جس پر پاکستان ان کے شکر گزار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر ایک اہم کردار ادا کیا ہے تاکہ دہشت گردوں اور شدت پسند گروپوں کو پناہ دینے والے علاقوں کو ختم کیا جا سکے اور ان کے حملوں کو کسی بھی ملک کے خلاف روکا جا سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے عزم میں مکمل طور پر پُرعزم اور ثابت قدم ہے۔ اس جدوجہد میں پاکستان نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، جن میں 80,000 سے زیادہ فوجیوں اور شہریوں کی جانوں کا نذرانہ شامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور عوام کا عزم قطیعی طور پر غیر متزلزل ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنی شراکت داری کو جاری رکھتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کی کوششوں میں بھرپور حصہ لے گا۔