اسلام آباد۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عندیہ دیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا دباؤ کم کرنے کے لیے غور کیا جائے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملکی معیشت میں بہتری کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں، اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، کرنسی مستحکم ہو رہی ہے، اور پالیسی ریٹ میں بھی کمی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کی بنیادیں مضبوط ہو چکی ہیں، اب ہمیں پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہونا ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بجٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں پہلے ہی کاروباری برادری سے مشاورت کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ایف بی آر میں بھی اصلاحاتی عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ زیادہ ہے اور آئندہ بجٹ میں اس میں کمی کے لیے غور کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ٹیکس نظام اور ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے، اور جائیداد کی قیمتوں میں مصنوعی اتار چڑھاؤ کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومت تعمیراتی صنعت کی ترقی کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے تاکہ معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے کسی قسم کی ناراضی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 35 ملین ڈالر تک پہنچ چکے ہیں اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس دوران سعودی عرب، دبئی اور واشنگٹن میں اہم ملاقاتیں کی گئی ہیں تاکہ اقتصادی ترقی کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکیں۔