اسلام آباد ۔وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں مہنگائی میں مزید کمی کی نوید سنادی۔شہباز شریف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو درست کرنے کے لیے دن رات محنت کی گئی ہے، تاہم ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے۔ آہستہ آہستہ عوام کو بہتر معیشت کے فوائد مل رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ملک کی ذمہ داری سنبھالی تو حالات انتہائی مشکل تھے۔ ہم نے حکومت کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات کیے اور سفارشی کلچر کو ختم کرنے کی کوشش کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی جھگڑوں سے نفرت کا پیدا ہونا لازمی ہے، جو کہ ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔ پی ٹی آئی کے دور میں نفرت کا کلچر پروان چڑھا جس نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ ملک کی ترقی کے لیے باہمی اتفاق و اتحاد ضروری ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الحمدللہ ملک میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجیٹ پر آ گئی ہے۔ بینکوں کا مارک اپ ریٹ بھی بہتر ہوا ہے اور آنے والے دنوں میں مہنگائی کی شرح مزید کم ہوگی، ان شا اللہ۔ اس کامیابی میں پوری ٹیم کی محنت شامل ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سرکاری افسران کو بھی دن رات محنت کرنا ہوگی۔ ملک کی ترقی کے لیے ہر اسٹیک ہولڈر کو خلوص نیت سے کام کرنا ہوگا۔ فوج ملکی سلامتی کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہی ہے۔