لاہور۔چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے آج ایوانِ اقبال لاہور میں اپنے حلقے کے ورکرز میں حسن کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈ تقسیم کرنے کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر لیگی عہدیداران، چیئرمین و وائس چیئرمین، یوتھ ونگ، خواتین ونگ کے ممبران اور پارٹی کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے ورکرز کو “حسن کارکردگی ایوارڈ” سے نوازا گیا۔ تقریب کے دوران حلقے میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات پر مشتمل ایک ڈاکیومینٹری پیش کی گئی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ اس کے علاوہ، پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے حوالے سے بھی ایک خصوصی ڈاکیومینٹری دکھائی گئی، جس میں نوجوانوں کے لیے مہیا کردہ مواقع اور اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ حلقے کی ترقی اور عوام کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں اور ملک کو خوشحال بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے اجتماعی جدوجہد ضروری ہے، تاکہ پاکستان کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جایا جا سکے۔