پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ماڈل عائزہ خان نے اپنے آنے والے پراجیکٹس کے بارے میں اہم انکشاف کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، حال ہی میں برطانیہ میں فلسطین کے لیے عطیہ جمع کرنے کی مختلف تقریبات منعقد ہوئی تھیں، جن میں عائزہ خان، سارہ خان، اور کبریٰ خان نے شرکت کی۔ ان فنڈ ریزنگ تقریبات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جہاں اداکاراؤں نے صحافیوں کے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔
ایک تقریب میں جب عائزہ خان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے کئی بلاک بسٹر ڈرامے کیے ہیں، تو وہ کب فلم انڈسٹری میں قدم رکھیں گی؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ مداح انہیں بہت جلد فلم انڈسٹری میں دیکھیں گے، کیونکہ وہ ایک نئی فلم میں نظر آئیں گی۔
عائزہ خان نے مزید کہا کہ ان کا اگلا پراجیکٹ ٹی وی اسکرین کے لیے نہیں ہوگا، اور انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ مزید تفصیلات کے لیے انتظار کریں۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ عائزہ خان آخری بار ڈرامہ سیریل “جانِ جہاں” میں نظر آئیں تھیں، جس میں ان کے ساتھ اداکار حمزہ علی عباسی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔