جنوب مشرقی ایشیا کے ملک کمبوڈیا میں بارودی سرنگوں کی تلاش میں تربیت یافتہ ایک افریقی چوہے نے اپنی غیر معمولی مہارت سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کر لی ہے۔ رونن نامی اس چوہے نے 100 سے زائد بارودی سرنگیں اور دیگر دھماکا خیز اشیاء تلاش کر کے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

یہ کارنامہ بیلجیئم کی غیر سرکاری تنظیم اپوپو کی نگرانی میں انجام پایا، جس نے رونن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اُسے 2021 سے اب تک 109 بارودی سرنگیں اور 15 مختلف دھماکا خیز مواد تلاش کرنے والا سب سے کامیاب چوہا قرار دیا ہے۔

گینیز ورلڈ ریکارڈز نے بھی رونن کی غیرمعمولی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اس چھوٹے مگر دلیر جانور کے کام نے ان افراد کی زندگیوں کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے جو ایک طویل عرصے سے خطرناک علاقوں میں رہنے پر مجبور تھے، جہاں ایک معمولی قدم بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا تھا۔

اپوپو کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ رونن کا مشن تاحال مکمل نہیں ہوا، کیونکہ وہ صرف پانچ سال کا ہے اور اندازہ ہے کہ وہ دو یا اس سے زیادہ برس مزید کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ مستقبل میں اپنا قائم کردہ ریکارڈ مزید بہتر بنا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ رونن کو اگست 2021 میں کمبوڈیا کے پریہہ ویہیر صوبے میں تعینات کیا گیا تھا، جہاں اس نے اپنی تربیت اور حوصلے سے میدانِ عمل میں ناقابلِ فراموش خدمات انجام دیں۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version