90 کی دہائی کی مشہور بالی ووڈ اداکارہ عائشہ جھلکا نے اپنے فنی کیریئر سے جڑا ایک افسوسناک واقعہ بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں فلم دلال میں ان کی اجازت کے بغیر ایک ریپ سین شامل کرنے کا علم شو کے بعد ہوا۔

اداکارہ نے بتایا کہ اس فلم میں ان کے ساتھ اداکار متھن چکرورتی نے کام کیا تھا اور یہ سین پروڈیوسر پرکاش مہرا اور ہدایتکار پرتھو گھوش کی جانب سے خفیہ طور پر ان کی باڈی ڈبل کے ذریعے فلمایا گیا تھا۔ اس غیر اخلاقی حرکت پر انہوں نے قانونی کارروائی بھی کی۔

عائشہ جھلکا نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا:
“مجھے کسی نے اس سین کے بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا۔ میں فلم کے ٹرائل شو میں بھی شریک نہیں ہوئی تھی۔ ایک صحافی نے مجھے فون کر کے اس سین کے بارے میں سوال کیا تو میں حیران رہ گئی۔ انہوں نے پوچھا کہ آپ نے اس سین کی منظوری کیسے دی؟ تب مجھے پہلی بار علم ہوا کہ میرے ہمشکل (ڈپلیکیٹ) کے ساتھ یہ سین فلمایا گیا ہے۔”

اداکارہ نے بتایا کہ جب انہوں نے فلم کے پروڈیوسر پرکاش مہرا سے اس معاملے پر وضاحت مانگی تو انہوں نے صاف انکار کر دیا۔
“میں نے فوری طور پر پرکاش جی سے رابطہ کیا لیکن انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی سین فلم میں شامل ہی نہیں کیا گیا۔ مگر جب میں نے خود پریس شو میں وہ منظر دیکھا تو میں صدمے میں آ گئی۔ مجھے لگا جیسے میرے ساتھ دھوکہ کیا گیا ہو۔ اگلے ہی روز میں نے IMPPA (انڈین موشن پکچر پروڈیوسرز ایسوسی ایشن) میں کیس دائر کر دیا۔”

عائشہ جھلکا نے نوے کی دہائی میں جو جیتا وہی سکندر، قربان، اور کھلاڑی جیسی کامیاب فلموں سے بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔ بعد ازاں 2000 کے بعد انہوں نے فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کر لی کیونکہ ان کے مطابق انہیں معیاری کردار نہیں مل رہے تھے۔

حالیہ برسوں میں وہ دوبارہ اسکرین پر جلوہ گر ہوئیں، جن میں سیلیبریٹی ماسٹر شیف، پرائم ویڈیو کے ڈرامے ہش ہش اور ہیپی فیملی: کنڈیشنز اپلائیڈ شامل ہیں۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version