وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کے لیے سرگرم ہے، اور جیسے ہی عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوتی ہیں، حکومت پیٹرول کے بجائے بجلی کو سستا کرنے کو ترجیح دے گی۔
اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کا فائدہ ملک کے تمام شعبوں کو ہوگا، اور ہم اس میں مزید کمی کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند مہینوں میں اس حوالے سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، اور حکومت اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ مختلف تجاویز پر غور جاری ہے اور جلد ایک جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چند ہفتے قبل جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہوئی، تو حکومت نے پیٹرول کی قیمت فوری طور پر نہیں گھٹائی بلکہ پی ڈی ایل میں ایڈجسٹ کیا۔ تاہم، اس کے بدلے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتوں میں جو مزید کمی واقع ہو رہی ہے، اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ہم پوری سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں تاکہ اس کے مثبت اثرات ملک کی معیشت اور عوام تک پہنچ سکیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ میری ٹائم سیکٹر کی بہتری کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے، جس نے سخت محنت سے اصلاحات پر کام کیا، اور اب ان کا ثمر سامنے آنا شروع ہو چکا ہے۔