اسلام آباد ۔ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے آخری مقابلے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 43 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔

بارش کے باعث میچ کا آغاز تاخیر کا شکار ہوا اور دونوں اننگز کو 42 اوورز تک محدود کردیا گیا۔ پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز اسکور کیے۔

کیوی کپتان مائیکل بریسویل نے 59 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، ڈیرل مچل نے 43 اور ہینری نکلز نے 31 رنز کا اضافہ کیا۔

پاکستان کی طرف سے عاکف جاوید نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نسیم شاہ نے 2 جبکہ فہیم اشرف اور سفیان مقیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پاکستان کی بیٹنگ ایک بار پھر کمزور نظر آئی اور پوری ٹیم 40 اوورز میں 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اوپنر امام الحق صرف ایک رن بنا سکے اور فیلڈر کی گیند لگنے سے زخمی ہو کر میدان چھوڑنا پڑا۔ عبداللہ شفیق 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان رضوان نے 37 اور بابر اعظم نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

دیگر بیٹرز میں سلمان آغا 11، عثمان خان 12، طیب طاہر 33، نسیم شاہ 17، فہیم اشرف 3، اور محمد وسیم جونیئر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

نیوزی لینڈ کے بین سیئرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جیکب ڈفی نے 2، جبکہ محمد عباس اور ڈیرل مچل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی، جہاں فاسٹ بولر حارث رؤف کی جگہ نسیم شاہ کو شامل کیا گیا۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ پہلے ہی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرچکا تھا، اور اس جیت کے ساتھ سیریز کو کلین سوئپ کر لیا۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version