سابق بھارتی اسپنر اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے کمنٹیٹر ہربھجن سنگھ انگلش فاسٹ بولر جوفرا آرچر کے خلاف نسلی تعصب پر مبنی ریمارکس دینے کے باعث تنازع کا شکار ہوگئے۔

اتوار کو سن رائزرز حیدرآباد اور راجستھان رائلز کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران، ہربھجن سنگھ نے کمنٹری کرتے ہوئے جوفرا آرچر کے بارے میں متنازع تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا، “لندن میں کالی ٹیکسی کا میٹر تیزی سے بڑھتا ہے اور یہاں پر آرچر صاحب کا میٹر بھی تیز بھاگ رہا ہے۔”

ہربھجن کے اس جملے نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کر دیا، جہاں صارفین نے ان پر نسل پرستی کا الزام عائد کرتے ہوئے معافی کا مطالبہ کیا۔

ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے کہا، “یہ نہایت ہی شرمناک اور ناقابلِ قبول بیان ہے، ہربھجن سنگھ کو فوری طور پر کمنٹری پینل سے برطرف کیا جانا چاہیے۔”

دوسرے صارف نے لکھا، “آئی پی ایل جیسے عالمی سطح کے ایونٹ میں اس طرح کے متعصبانہ بیانات کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔”

شدید عوامی ردعمل کے باوجود، ہربھجن سنگھ نے اب تک اس معاملے پر کوئی وضاحت یا معذرت پیش نہیں کی ہے۔

جوفرا آرچر کی خراب کارکردگی، آئی پی ایل کا مہنگا ترین اسپیل
یاد رہے کہ گزشتہ روز سن رائزرز حیدرآباد نے راجستھان رائلز کے خلاف 286 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا، جو آئی پی ایل کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا اسکور تھا۔

یہ شاندار اسکور ایشان کشن اور ٹریوس ہیڈ کی دھواں دار بیٹنگ کے باعث ممکن ہوا۔ دوسری جانب، راجستھان رائلز 242 رنز بنا کر ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

جوفرا آرچر کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، انہوں نے 4 اوورز میں 76 رنز دیے اور ایک بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے، جس کے باعث یہ آئی پی ایل کی تاریخ کا سب سے مہنگا اسپیل بن گیا۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version