وزیراعظم شہباز شریف کا آذربائیجان کے صدارتی محل میں شاندار استقبال کیا گیا۔ ان کی آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے وزیراعظم شہباز شریف کو صدارتی محل میں خوش آمدید کہا، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم دو طرفہ مذاکرات ہوں گے۔ ان مذاکرات میں تجارت، توانائی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے موضوعات پر بات چیت کی جائے گی۔

وزیراعظم کی آمد پر دارالحکومت باکو میں صدارتی محل کے باہر گارڈ آف آنر کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ اس موقع پر آذربائیجان کے اعلیٰ حکام اور پاکستانی وفد نے موسم کی خرابی کے باوجود تقریب میں شرکت کی، جہاں وزیراعظم کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور دیگر وزرا بھی شامل ہیں۔ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کئی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے صدر کے ساتھ ملاقات کے علاوہ بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، جس میں وہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے پر زور دیں گے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version