ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز پاکستان (آباد) کے پیٹرن انچیف محسن شیخانی نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ جائیداد کے شعبے میں نئے دور کا آغاز ہونے والا ہے۔ حکومت بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ٹیکسوں میں نمایاں کمی کر رہی ہے۔

اپنے بیان میں محسن شیخانی نے واضح کیا کہ حکومت فائلرز کے لیے جائیداد کی خریدوفروخت اور منتقلی پر ٹیکس کی شرح 13 فیصد سے کم کرکے 2 سے 3 فیصد کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ کیپٹل ویلیو ٹیکس، کیپٹل گین ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور سپر ٹیکس سمیت دیگر محصولات میں کمی یا مکمل خاتمے کی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں فائلرز پر کسی بھی قسم کا نیا ٹیکس عائد نہیں کر رہی۔ زمینوں پر غیر قانونی قبضے ختم کروانے کے لیے بلاول بھٹو نے آئی جی سندھ کو خصوصی ہدایات دی ہیں۔ جائیداد کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھی ٹیکسوں میں نرمی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آباد نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کم لاگت رہائشی منصوبوں کی تجویز پیش کی ہے، جبکہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں موجود کچی آبادی کو شہری حکومت کے تعاون سے ماڈل پروجیکٹ میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ مزید برآں، آباد کے وفد کی وزیر اعظم سے ایک اہم ملاقات اسی ہفتے متوقع ہے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version