اسلام آباد: وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ کی اجازت ملنے کے بعد پاکستان کی قومی ویمن فٹبال ٹیم کو سعودی عرب کی ویمن فٹ بال ٹیم کے خلاف دوستانہ میچ کے لیے این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) جاری کر دیا گیا ہے۔ قومی ٹیم آج قطر کے دارالحکومت دوحا روانہ ہو گی۔

وزارت بین الصوبائی رابطہ سے منظوری ملنے کے بعد پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے منگل کے روز این او سی جاری کیا، جس کے بعد قومی ویمن ٹیم اپنی منزل کی طرف روانہ ہو جائے گی۔

این او سی کے اجرا میں تاخیر کے باعث تمام منتخب کھلاڑی قومی اسکواڈ کا حصہ نہ بن سکے۔ اس وجہ سے برطانوی شہریت کی حامل قومی ویمن کپتان ماریہ خان اور کھلاڑی یسریٰ خان براہ راست لندن سے دوحا پہنچیں گی۔

پاکستانی ٹیم سعودی ویمن فٹ بال ٹیم کے ساتھ دوستانہ میچ ہفتہ کو کھیلے گی۔ میچ سے قبل قطر میں قومی ویمن ٹیم کا تین روزہ کیمپ بھی لگایا جائے گا، جس کے اخراجات سعودی فٹ بال فیڈریشن برداشت کرے گی۔

پاکستانی اسکواڈ میں آٹھ رکنی اسپورٹنگ اسٹاف بھی شامل ہے، اور دوستانہ میچ کے بعد قومی ویمن ٹیم 9 دسمبر کو وطن واپس لوٹ آئے گی۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version