Site icon Bloom Pakistan Urdu

پاکستان کا حق خودارادیت کیلئے فلسطین کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

اسلام آباد۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے فلسطین کے سبکدوش ہونے والے سفیر احمد جواد عبد العزیز رابعی نے آج وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیراعظم نے فلسطینی عوام اور ان کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں معصوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 40000 سے زائد بے گناہ فلسطینی شہید اور 90000 سے زائد زخمی ہوئے۔

وزیراعظم نے دو ریاستی حل کے ذریعے مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل تلاش کرنے کی کوششوں کے لیے پاکستان کے پختہ عزم اور حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور القدس کے دارالحکومت کے طور پر فلسطین کی ایک آزاد ریاست کا قیام ہی اس مسئلے کا پائیدار حل ہے۔

احمد جواد عبد العزیز رابعی نے اپنے پانچ سالہ دور تعیناتی میں پاکستان کی جانب سے بہترین مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے فلسطین پر پاکستان کے تاریخی اور مستقل موقف اور خطے میں امن و استحکام کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ احمد جواد عبد العزیز رابعی نے فلسطینی طلباء کو پاکستان میں تعلیم مکمل کرنے کے لیے تمام سہولیات فراہم کرنے اور وظائف کی پیشکش پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

Exit mobile version