اسلام آباد—پاکستان کا 78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ملک کے ہر کونے میں 14 اگست کا شاندار آتش بازی کے ساتھ استقبال کیا گیا۔
اس رات مختلف شہروں اور قصبوں میں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے، آزادی کے جشن کے موقع پر ہر سو سبز جھنڈوں کی بہار دیکھنے کو ملی۔ سرکاری و اہم عمارتوں کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا، جو جشن آزادی کی مناسبت کو مزید خوبصورت بناتا ہے۔
جشن آزادی کی تقریبات میں، گورنر ہاوس سندھ اور گورنر ہاوس خیبرپختونخوا میں شاندار میوزیکل پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر ہاوس سندھ میں آتش بازی کے لیے دبئی سے خصوصی ٹیم کو مدعو کیا گیا جبکہ معروف گلوکار عاطف اسلم اور عابدہ پروین نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
14 اگست کا دن ہمارے آباو اجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے ایک طویل اور لازوال جدوجہد کے بعد پاکستان کو وجود میں لایا۔ دن کا آغاز وطن عزیز کے لیے خصوصی دعاو?ں سے ہوا، جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوئی، جہاں وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔ صوبائی دارالحکومتوں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب جاری ہیں۔
پاکستان کی ترقی و خوشحالی ایک اٹل حقیقت ہے، جو اس کی 24 کروڑ کی آبادی کی عزم و ہمت کا نتیجہ ہے۔ ملک کی 65 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور یہ نوجوان پاکستان کے مستقبل کو روشن کرنے کے لیے پ±رعزم ہیں۔
جغرافیائی لحاظ سے پاکستان ایک اہم ملک ہے، جس کی سرحدیں بھارت، چین، افغانستان اور ایران سے ملتی ہیں۔ پاکستان کے پاس 1046 کلومیٹر طویل سمندری پٹی موجود ہے جو عالمی سمندری راستوں تک باآسانی رسائی فراہم کرتی ہے۔ سی پیک اور تاپی جیسے منصوبے خطے اور عالمی تجارت کے فروغ کے لیے اہم ہیں، جو پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو بڑھاتے ہیں۔
پاکستان کا وسیع و عریض تاریخی و ثقافتی ورثہ بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یہاں قدرتی ورثے کے ساتھ ساتھ صحرا، سمندر، جھیلیں، بل کھاتے دریا اور بلند و بالا پہاڑ بھی موجود ہیں۔ گلگت بلتستان میں دنیا کی دوسری بلند چوٹی کے ٹو واقع ہے۔ سوات میں بدھ مت کے تاریخی سٹوپا مجسمے مشہور بادشاہ آشوکا کی جانب سے بنائے گئے، اور مغلیہ دور کے شاہکار، جیسے شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، شیش محل، اور ہرن منار دنیا بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف راغب کرتے ہیں۔
پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہے اور انسداد دہشتگردی کی جنگ میں فرنٹ لائن پر رہتے ہوئے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔