Site icon Bloom Pakistan Urdu

وزیراعظم کا میرٹ پر دس لاکھ طلبا کو اسمارٹ فونز دینے کا اعلان

وزیراعظم کا میرٹ پر دس لاکھ طلبا کو اسمارٹ فونز دینے کا اعلان

اسلام آباد۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ میرٹ کی بنیاد پر دس لاکھ طلبا کو اسمارٹ فونز دیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں عالمی یوم نوجوانان کے موقع پر ہونے والی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کی دور میں اے آئی تعلیم کا سب سے جدید آلہ ہے، اسی طرح آئی ٹی کی تعلیم بھی ہے۔

انہوں نے چین کا دورہ کیا اور وہاں کی ترقی دیکھ کر محسوس کیا کہ چین نے ترقی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ پاکستان کی ترقی کے لیے نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا، اور ہم تمام مالی رکاوٹیں ختم کرکے وسائل آپ کے قدموں میں پیش کریں گے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ دانش اسکول کے طلبا کا تعلق غریب طبقے سے ہے، یہاں بہت سے لوگ بچیوں کی شادی کے لیے قرض لیتے ہیں اور وہ اسے اتار نہیں پاتے۔ دوسری طرف کچھ لوگوں کی شادیاں بیرون ملک ہوتی ہیں، اور یہاں مساوات کی کمی ہے، یہ ایک طبقاتی تفریق ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر نوجوانوں کو مناسب وسائل فراہم کیے جائیں تو وہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں، اس لیے لیپ ٹاپ اسکیم جاری ہے۔

وزیرِ اعظم نے اعلان کیا کہ دس لاکھ طلبا و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر اسمارٹ فون فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک ہزار گریجویٹ طلبا کو زراعت کی جدید تعلیم کے لیے چین بھیجا جائے گا۔ آئی ٹی کے شعبے میں ہواوے کمپنی سے معاہدہ کیا گیا ہے جو سالانہ دو لاکھ طلبا کو تربیت فراہم کرے گی، اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کی بنیاد پر نوجوانوں کو اداروں کا مالک بنانے کے لیے بینکوں سے قرض فراہم کیا جائے گا۔ یہ پروگرام بجٹ میں شامل ہے۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے نیزہ بازی کے قومی ہیرو ارشد ندیم کے اعزاز میں ہال میں موجود لوگوں سے تالیاں بجانے کی درخواست کی، جس پر پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔

انہوں نے ہال میں موجود ہاکی کے کھلاڑیوں سے کہا کہ ہاکی کے کھیل کو دوبارہ عروج پر لانے کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔

Exit mobile version