اسلام آباد ۔ایک انتہائی دلچسپ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ موبائل صارفین مختلف ایپس سے موصول ہونے والی نیوز الرٹس کی بھرمار سے تنگ آچکے ہیں اور انہیں بند کرنے پر مجبور ہیں۔
ریوٹرز انسٹیٹیوٹ کی عالمی رپورٹ کے مطابق، 79 فیصد موبائل صارفین اپنے معمول کے ہفتے کے دوران کوئی ایک بھی نیوز الرٹ وصول نہیں کرتے، جبکہ 43 فیصد نے جان بوجھ کر یہ الرٹس بند کی ہوئی ہیں، صارفین کی بڑی تعداد ان اطلاعات کو یا تو بہت زیادہ سمجھتے ہیں یا غیر پھر ضروری۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیوز پبلشرز الرٹس بھیجنے کے لیے خاص احتیاط سے کام لیتے ہیں، یہ صارفین کو بھجنے سے پہلے ان کی تعداد اور وقت کا خاص خیال رکھتے ہیں۔
ان سب کے باوجود گزشتہ دہائی میں چند ممالک ایسے بھی ہیں جن میں نیوز الرٹس کی شرح کافی بڑھی ہے ان میں امریکہ اور برطانیہ سر فہرست ہیں۔
تحقیق کے نتائج سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ صارفین مختلف قسم کی موبائل اطلاعات جیسے کھیلوں کے نتائج، کیلنڈر، میسجز، اور سوشل میڈیا سے بھی کافی پریشان ہیں۔
برطانیہ میں گوگل نیوز اور ایپل نیوز جیسی ایپس کافی استعمال ہوتی ہیں لیکن صارفین شکایت کرتے ہیں کہ یہ ایک ہی خبر پر بار بار الرٹس بھیجتی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ میں، سی این این، گوگل نیوز اور فاکس نیوز خبروں کی اطلاعات بھیجنے میں سرفہرست ہیں۔
تحقیق کے مطابق، اگر الرٹس میں ضرورت سے زیادہ سنسنی خیزی ہو یا غیر متعلقہ اطلاعات ہوں تو صارفین ان کو اہمیت نہیں دیتے۔