نئی دہلی ۔رنکو سنگھ کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر کلدیپ یادیو نے بھی اپنی بچپن کی دوست ونشیکا کے ساتھ منگنی کرلی، جس کی نجی تقریب لکھنؤ میں منعقد ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، رنکو سنگھ اور سماج وادی پارٹی کی رکنِ پارلیمنٹ پریا سروج کی منگنی کے صرف ایک ہفتے بعد، کلدیپ یادیو نے بھی اپنی منگنی کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ تاہم، کچھ دیر بعد انہوں نے یہ تصویر انسٹاگرام سے ہٹا دی۔
یہ سادہ مگر قریبی افراد پر مشتمل تقریب 4 جون کو لکھنؤ میں منعقد ہوئی، جس میں کلدیپ کے قریبی دوست اور اہلِ خانہ شریک ہوئے۔ رنکو سنگھ بھی تقریب میں موجود تھے، جن کی اپنی منگنی چند روز قبل ہی خبروں کی زینت بنی تھی۔
ذرائع کے مطابق، کلدیپ یادیو اور ونشیکا کی شادی رواں سال نومبر میں طے کی گئی ہے، جو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد انجام پائے گی۔ خیال رہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 20 جون سے شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 8 جون کو رنکو سنگھ کی منگنی لکھنؤ کے ایک مقامی ہوٹل میں پریا سروج سے ہوئی تھی، جو سماج وادی پارٹی کی نو منتخب رکنِ پارلیمنٹ ہیں۔ دونوں کی منگنی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں تھیں۔