اسلام آباد : انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور ایس پیز نے شہر کے مختلف چیک پوائنٹس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی، ان کی محنت اور فرض شناسی کو سراہا، اور انہیں ٹھنڈے مشروبات فراہم کیے۔
اس موقع پر سینئر افسران نے کہا کہ شدید گرمی میں شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کرنے والے اہلکار ہمارے ہیرو ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے تمام اہلکار عوام کے تحفظ کے لیے ہر موسمی چیلنج کا بہادری سے سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موسمی شدت، دھوپ یا دیگر مشکلات اسلام آباد پولیس کے حوصلے اور عزم میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔ ہمارے جوان بلند حوصلے اور جذبے کے ساتھ شہر کے امن و امان کو یقینی بنا رہے ہیں۔ اس موقع پر افسران نے چیک پوائنٹس پر موجود اہلکاروں کی حوصلہ افزائی بھی کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔