پشاور : خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے واضح کیا ہے کہ صوبائی بجٹ صرف آئینی تقاضا پورا کرنے کے لیے پیش کیا جا رہا ہے، تاہم اس کی منظوری بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کے بعد ہی دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں صوبے میں مینڈیٹ بانی کی وجہ سے ملا ہے، بجٹ منظوری سے قبل ان سے ملاقات ناگزیر ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب کی “جعلی حکومت” بانی اور خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ کے درمیان ملاقات میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔
پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان اور بانی پی ٹی آئی کے آفیشل پیجز سے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ بجٹ جمعے کو پیش نہ کیا جائے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ علیمہ خان کی علی امین گنڈاپور سے ملاقات ہوئی ہے، اور ممکن ہے کہ یہی پیغام علی امین تک پہنچایا گیا ہو۔