لاہور :ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والی ٹی20 سیریز کے لیے 25 رکنی ابتدائی اسکواڈ مرتب کرلیا ہے۔ حیران کن طور پر سابق کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اسکواڈ کا حصہ ہیں جبکہ بابر اعظم کی اسکواڈ میں عدم شمولیت نے کرکٹ حلقوں میں کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔ بابر اعظم اسکواڈ سے باہر کیے جانے پر خاصے پریشان نظر آتے ہیں۔
اس حوالے سے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ بابر اعظم ٹیم کے مستقبل کے پلان کا حصہ ہیں اور جلد قومی ٹیم میں دوبارہ جگہ بنائیں گے۔
ذرائع کے مطابق دونوں سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا باضابطہ اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔ سلیکشن کمیٹی کی جانب سے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو آزمانے پر غور جاری ہے۔