لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان کے پہلے اور مثالی ورچوئل بلڈ بینک قائم کردیا ہے جس کا مقصد ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو فوری اور مؤثر طریقے سے خون کی فراہمی ممکن بنانا ہے۔
یہ جدید نظام پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے تعاون سے فعال کیا گیا ہے جس میں ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کو استعمال کرتے ہوئے بلڈ بینک تک رسائی دی گئی ہے۔ شہری صرف 15 پر کال کر کے “4” دبائیں اور براہ راست ورچوئل بلڈ بینک سے منسلک ہو جائیں۔
منصوبے کی نمایاں خصوصیات:
-
سیف سٹی آفیسر فوری طور پر مریض کی لوکیشن اور بلڈ گروپ کی معلومات حاصل کرتا ہے۔
-
متعلقہ علاقے میں رجسٹرڈ ڈونرز کو کانفرنس کال کے ذریعے مریض کے اہل خانہ سے جوڑ دیا جاتا ہے۔
-
پولیس اہلکار بھی اس کارِ خیر میں شامل ہو کر ڈونیشن کے لیے فوری پہنچتے ہیں۔
-
ورچوئل بلڈ بینک میں رجسٹریشن کا آسان نظام متعارف کرایا گیا ہے — ہیلپ لائن 15، سیف سٹی ویب سائٹ یا سرکاری اسپتالوں میں پولیس خدمت کاؤنٹرز سے رجسٹریشن ممکن ہے۔
اہم اعداد و شمار:
-
یومیہ 2500 افراد خون کے حصول کے لیے رابطہ کرتے ہیں۔
-
یومیہ تقریباً 250 مریضوں کو فوری طور پر خون فراہم کیا جاتا ہے۔
-
ورچوئل بلڈ بینک میں 25,000 سے زائد رجسٹرڈ ڈونرز موجود ہیں، جن میں 10,000 پولیس اہلکار اور 15,000 عام شہری شامل ہیں۔
-
اب تک 14,000 سے زائد مریض اس نظام سے مستفید ہو چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ ضرورت کے وقت خون کا ہر قطرہ قیمتی ہوتا ہے۔ یہ کسی کے لیے زندگی کی نوید بن سکتا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بلڈ ڈونیشن کے کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ مریم نواز نے اس اقدام کو پنجاب کے ڈیجیٹلائزیشن کے نئے دور کی علامت قرار دیا اور کہا کہ ہم سروسز کے معیار کو بلندیوں تک لے جائیں گے۔
یہ اقدام پنجاب حکومت کی عوامی خدمت اور صحت کے شعبے میں جدیدیت کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے، جو پورے ملک کے لیے ایک مثال بنے گا۔