اسلام آباد، 11 جون 2025 – دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کل متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ اس اہم دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہوگا۔
ترجمان کے مطابق، وزیراعظم کی یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات طے ہے، جس میں دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران اماراتی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں جن میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے اور اسٹریٹجک شراکت داری کو وسعت دینے پر بات چیت کی جائے گی۔
- وزیراعظم یو اے ای کی قیادت کا پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کریں گے
- پاک امارات تعلقات میں مزید وسعت اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی مشاورت ہوگی
یہ دورہ پاک-امارات تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔