غزہ : اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری دہشت گردانہ حملوں میں مزید 36 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جس کے بعد مجموعی شہداء کی تعداد 55 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ اقوام متحدہ نے ان حملوں کو جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے نمائندوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ان مظالم کو بند کروانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔ غزہ میں نہ صرف معصوم شہری بلکہ اسپتال، اسکول اور پناہ گزین کیمپ بھی اسرائیلی بمباری کا نشانہ بن رہے ہیں۔
دوسری جانب عالمی انسانی حقوق کی علمبردار گریٹا تھنبرگ بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کرتی نظر آئیں۔ وہ اسرائیل سے پیرس پہنچ چکی ہیں جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کی مدد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، یہ انسانیت کا معاملہ ہے۔گریٹا تھنبرگ نے عالمی برادری، خاص طور پر نوجوانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔
غزہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر دنیا بھر میں تشویش بڑھ رہی ہے، تاہم اسرائیل کی جانب سے حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔