اسلام آباد: عید الاضحیٰ کے بعد شہریوں کی جانب سے مارگلہ ہلز اور شہر کے مختلف گرین بیلٹس پر باربی کیو اور تفریحی سرگرمیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اہم وارننگ جاری کر دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے جس کے تحت کسی بھی گرین بیلٹ ایریا اور مارگلہ ہلز میں باربی کیو کرنے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ اس پابندی کا مقصد ماحولیاتی تحفظ اور آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت مذکورہ ایریاز میں بون فائر (کھلے میں آگ جلانا) پر بھی پابندی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون کا احترام کریں اور ممنوعہ علاقوں میں ایسی سرگرمیوں سے گریز کریں۔