اسلام آباد: حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے سالانہ ترقیاتی پلان کے اہم اقتصادی اہداف مقرر کر دیے ہیں جس میں معاشی استحکام اور ترقی کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ حکومت کا تخمینہ ہے کہ آئندہ مالی سال میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا 0.5 فیصد رہے گا۔ یہ خسارہ 2.1 ارب ڈالر مختص کیا گیا ہے جو ملک کے بیرونی کھاتوں کو مستحکم رکھنے کی حکومتی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔
برآمدات اور درآمدات کے حوالے سے بھی تفصیلی اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔ خدمات کے شعبہ میں برآمدات کا ہدف 9 ارب 55 کروڑ ڈالر مقرر کیا گیا ہے جبکہ خدمات کے شعبہ کی درآمدات کا ہدف 14 ارب ڈالر رکھا گیا ہے۔ مجموعی طور پر اشیا اور خدمات کی برآمدات کا ہدف 44.9 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے، جو ملک کی برآمدی صلاحیت کو بڑھانے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کے مقابلے میں، اشیا اور خدمات کی درآمدات کا ہدف 79.2 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔