لاہور : پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ہال آف فیم میں شامل کیے جانے پر ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ثناء میر کو اس تاریخی اعزاز پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ ویلڈن ثناء میر ، پاکستان کی بیٹی نے پاک دھرتی کا مان بڑھایا۔
انہوں نے کہا کہ ثناء میر نے سبز ہلالی پرچم کو بلند کیا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔ یہ اعزاز نہ صرف ثناء میر کے لیے بلکہ پورے ملک اور پاکستان ویمنز کرکٹ کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ثناء میر پاکستان ویمنز کرکٹ کا قیمتی اثاثہ ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی صرف ثناء میر کی نہیں بلکہ پاکستان ویمنز کرکٹ اور پوری قوم کی ہے۔ ثناء نے خواب دیکھا، محنت کی اور تاریخ رقم کر دی۔ ان کی یہ کامیابی قوم کی ہر بیٹی کو حوصلہ، اعتماد اور عزم عطا کرتی ہے۔
محسن نقوی نے اپنے پیغام میں اس امید کا اظہار بھی کیا کہ آج ایک ثناء میر کو یہ اعزاز ملا ہے، ان شاءاللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان کی کئی اور بیٹیاں بھی آئی سی سی ہال آف فیم میں جگہ بنائیں گی۔
ثناء میر کی یہ شاندار کامیابی پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں ایک روشن باب کا اضافہ ہے اور پوری قوم ان پر فخر محسوس کر رہی ہے۔