لندن : انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ لیگ میں پاکستانی فاسٹ بالر حسن علی نے اپنی دھواں دار کارکردگی سے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔ برمنگھم بیئرز کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے ڈربی شائر کے خلاف تباہ کن بالنگ کا مظاہرہ کیا۔
حسن علی نے صرف 23 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا اور اپنے اسپیل کے دوران شاندار ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی جس نے میچ کا رخ ہی موڑ دیا۔ ان کی شاندار بالنگ نے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر کے رکھ دیا۔
حسن علی کی اس تباہ کن کارکردگی نے برمنگھم بیئرز کو فیصلہ کن برتری دلائی اور ٹیم کی فتح میں اہم ترین کردار ادا کیا۔ ان کی لائن اور لینتھ نے ڈربی شائر کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
حسن علی کی یہ کارکردگی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جہاں پاکستانی شائقین سمیت عالمی کرکٹ حلقوں نے بھی ان کے اسپیل کو “ورلڈ کلاس” قرار دیا۔ کرکٹ تجزیہ کاروں نے اسے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کی یادگار کارکردگیوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔