پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین اور ان کے شوہر، اداکار و وکیل امیر گیلانی کی عید کی خوشیاں ایک دلخراش سانحے میں بدل گئیں۔
عید کے پہلے روز جو جوڑا خوشیوں اور مسکراہٹوں کے ساتھ سامنے آیا تھا، وہ اب شدید رنج و غم میں مبتلا ہے۔ ان کا پیارا پالتو کتا ‘یوگی’ صرف دو برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگیا، جس نے ان کی عید کو ایک اندوہناک یاد میں بدل دیا۔
یہ سانحہ، جو عید کی خوشیوں کے درمیان پیش آیا، ماورا اور امیر دونوں کے لیے نہایت تکلیف دہ ثابت ہوا۔ ماورا نے انسٹاگرام پر یوگی کے لیے ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا:
“ہمارا خوبصورت لڑکا… تم بہت جلدی چلے گئے، بہت اچانک۔ اس مختصر وقت میں ہم سب کو اتنی بے پناہ محبت دینے کا شکریہ۔ تمہیں ہر دن یاد کریں گے، ہر لمحہ تمہارا خیال دل میں رہے گا۔ میرے سنہری بچے، میرے یوگی… محبت ہمیشہ قائم رہے گی۔”
اداکار امیر گیلانی نے بھی انسٹاگرام پر دکھ بھرا پیغام شیئر کیا، جس میں لکھا:
“آج ہمارے دل کا ایک حصہ ہم سے جدا ہو گیا۔ میرا بہترین دوست، میرا یوگی۔ جلد ملاقات ہوگی میرے بچے۔”
انہوں نے یوگی کی پیدائش اور وفات کی تاریخیں (6 جون 2023 – 8 جون 2025) بھی پوسٹ کے ساتھ درج کیں۔
دونوں فنکاروں نے یوگی کے ساتھ گزارے گئے خوبصورت لمحات کی ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کیں، جن سے واضح ہوتا ہے کہ یوگی ان کی زندگی کا ایک بہت اہم اور پیارا حصہ تھا۔ اس اچانک بچھڑ جانے والے دوست نے ان کی عید کی تمام خوشیاں سلب کر لیں، اور اس کے بعد دونوں کی جانب سے عید کے حوالے سے مزید کوئی پوسٹ نہیں کی گئی۔
سوشل میڈیا صارفین نے بھی یوگی کی ناگہانی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔ کئی افراد نے کہا کہ ایک پالتو جانور کا کھونا کسی عزیز ترین فرد کو کھونے جیسا ہے۔ کچھ صارفین نے یوگی کی کم عمری پر افسوس اور حیرت کا اظہار کیا کہ اتنی چھوٹی سی عمر میں اس کا یوں چلے جانا دل توڑ دینے والا ہے۔
ماورا اور امیر کے چاہنے والوں نے ان کے غم میں شریک ہوتے ہوئے محبت اور دلاسے بھرے پیغامات بھیجے۔ متعدد افراد نے گزشتہ عید پر یوگی کے ساتھ لی گئی تصاویر کو یاد کیا اور اس ننھے ساتھی کو خراج عقیدت پیش کیا، جو مختصر وقت میں ان کے دلوں میں ایک ناقابلِ فراموش مقام بنا گیا۔