ہری پور: عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز افسوسناک واقعات میں تربیلا جھیل اور جبری ہرو میں نہاتے ہوئے 3 نوجوان پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عید کے دوران آبگیر مقامات پر نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کی گئی تھی تاہم مقامی پولیس اس پابندی پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہی۔
تفصیلات کے مطابق، تربیلا جھیل میں ڈوبنے والے نوجوانوں کی شناخت احمد اور ارسلان کے نام سے ہوئی، جو ملکیار روڈ کے رہائشی تھے، جبکہ جبری ہرو میں ڈوب کر جان کی بازی ہارنے والے نوجوان کی شناخت شفیق ساکنہ سری بنگ کے نام سے ہوئی۔
واقعے کے بعد کئی گھنٹوں تک ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر نہ پہنچ سکیں، جس پر مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں کو پانی سے نکالا اور ٹراما سینٹر منتقل کیا۔ ریسکیو ٹیم کی تاخیر اور انتظامیہ کی غفلت پر جاں بحق نوجوانوں کے ورثاء اور شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔
یاد رہے کہ ڈپٹی کمشنر ہری پور نے عید کے موقع پر ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے نہانے پر پابندی کا اعلان کیا تھا مگر پولیس کی عدم موجودگی اور ناکافی عملدرآمد نے یہ قیمتی جانیں نگل لیں۔