وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ورلڈ برین ٹیومر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ برین ٹیومر ایک خاموش مگر تباہ کن بیماری ہے جو نہ صرف مریض بلکہ اس کے اہلِ خانہ اور معالج کے لیے بھی ایک کٹھن آزمائش ثابت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برین ٹیومر کی شدت صرف جسمانی تکلیف تک محدود نہیں رہتی بلکہ یہ ذہنی، جذباتی اور معاشرتی طور پر بھی گہرے اثرات مرتب کرتی ہے، جو مریض اور اس کے قریبی افراد دونوں کے لیے چیلنج بنتی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بروقت تشخیص اور مؤثر علاج محفوظ زندگی کی ضمانت فراہم کرتا ہے اور عوام کو خاموش بیماریوں سے متعلق شعور و آگاہی کی فراہمی ہی اصل طاقت ہے جس سے ان جان لیوا امراض سے بچاؤ ممکن ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کینسر اسپتال برین ٹیومر سمیت مختلف اقسام کے ٹیومرز سے متاثرہ مریضوں کے لیے امید کی کرن بنے گا، اور ایسے تمام افراد جو علاج، تحقیق اور شعور کی بیداری میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، وہ قابلِ تحسین ہیں۔