لاہور / پاکپتن : وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین کے خلاف تشدد کو ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے دو ٹوک مؤقف اپنایا ہے۔ ان کی واضح ہدایت پر پاکپتن میں پراپرٹی کے تنازع پر بہن کو قتل کرنے والے دو بھائیوں کو چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کنول بشیر کو اس کے سگے بھائیوں عامر اور عاصم نے صرف اس لیے قتل کر دیا کیونکہ وہ جائیداد میں حصہ مانگ رہی تھی۔ دونوں ملزمان نے اسے گولی مار کر قتل کیا اور فرار ہو گئے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فوری گرفتاری کی ہدایت جاری کی۔ پولیس نے برق رفتاری سے کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ پراپرٹی کے لیے بہن کا قتل نہ صرف افسوسناک بلکہ شرمناک المیہ ہے۔ خواتین اور بچوں کے خلاف کوئی بھی تشدد یا زیادتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ملزمان کو قانون کے مطابق کڑی سزا دی جائے گی۔
ڈی پی او پاکپتن کے مطابق ملزمان کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
یہ واقعہ معاشرتی حساسیت اور جائیداد جیسے معاملات میں خواتین کے حقوق پر ایک اہم سوالیہ نشان بن کر سامنے آیا ہے۔