کراچی ۔کراچی بلین ایکسچینج میں آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر قاسم شکارپوری کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمشنر ایف بی آر و ڈائریکٹر سندھ DNFBPs/AML-CFT عبدالقادر شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر نوید علی سمیت سونے کی صنعت سے وابستہ نمایاں رہنماؤں، جیسے کہ ارشد خان، ارشد کمکم، عدنان پاریکھ، حمزہ شکارپوری، حمزہ خان، کمیل خان اور فیضان خان نے شرکت کی۔
اجلاس میں سونے کے تاجروں کو درپیش مسائل، ٹیکس سے متعلقہ امور، ایف بی آر کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹسز اور جرمانوں جیسے حساس معاملات پر سنجیدہ اور تفصیلی گفتگو ہوئی۔
شرکاء نے موجودہ ریگولیٹری چیلنجز کو اجاگر کرتے ہوئے مارکیٹ میں پیدا ہونے والی بے یقینی پر بھی روشنی ڈالی۔ اجلاس میں متعدد تعمیری تجاویز اور قابلِ عمل حل پیش کیے گئے جن پر حکام نے بھرپور توجہ دی اور تاجروں کے تحفظات کو دور کرنے، شفافیت کو فروغ دینے اور ایک متوازن ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دینے کی یقین دہانی کرائی۔
اس اجلاس کو سونے کی صنعت کے مستقبل کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو نہ صرف کاروباری استحکام لائے گا بلکہ تاجر برادری کے اعتماد کو بھی بحال کرے گی۔