اسلام آباد : کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (CCP) نے فارماسیوٹیکل شعبے میں جدت، پیداواری صلاحیت اور صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو فروغ دینے کے لیے 6 مختلف کمپنیوں کو ان کے کمرشل معاہدوں پر مشروط استثنیٰ دے دیا ہے۔ یہ استثنیٰ کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے سیکشن 5 کے تحت دیا گیا ہے۔
کمیشن کے مطابق، یہ اجازت مخصوص شقوں کے حوالے سے دی گئی ہے جو عمومی طور پر سیکشن 4 کے تحت غیر مسابقتی مانی جاتی ہیں، تاہم تفصیلی تجزیے کے بعد ان معاہدوں کو پبلک ہیلتھ، جدید ٹیکنالوجی تک رسائی، اور خدمات کے اعلیٰ معیار کے فروغ کے لیے مفید قرار دیا گیا ہے۔
- معاہدوں میں شامل جغرافیائی کوٹہ سے متعلق شقوں پر استثنیٰ دیا گیا۔
- خدمات کی فراہمی بہتر ہونے، غیر محفوظ علاقوں میں ادویات کی دستیابی بڑھنے اور صارفین کو بہتر مصنوعات و معلومات ملنے کی توقع ظاہر کی گئی۔
- ہر معاہدے کو مخصوص مدت کے لیے منظور کیا گیا ہے۔
- کمپنیوں کو قیمتوں کے تعین یا گٹھ جوڑ سے سختی سے باز رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
- فیصلے عوامی مفاد میں کیے گئے اور متعلقہ ریگولیٹرز سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی۔
کمپٹیشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ فارماسیوٹیکل شعبہ ایگزیمپشن کے لیے ترجیحی سیکٹر تصور کیا جاتا ہے اور مستقبل میں بھی عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے میرٹ پر فیصلے کیے جاتے رہیں گے۔