اسلام آبا د۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ماحولیات کا عالمی دن ہمیں کرہ ارض کی حفاظت، آئندہ نسلوں کے پائیدار مستقبل کی جانب ذمہ داری کی یاددہانی کراتا ہے، پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہیں، صدر مملکت
پاکستان میں تباہ کن سیلابوں، خشک سالی اور گرمی کی لہروں سے لاکھوں افراد متاثر ہوتے ہیں، عالمی کاربن کے اخراج میں ہمارا حصہ 1% سے بھی کم ہے، محدود وسائل کے باوجود پاکستان ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہا ہے
ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے،آئیے روزمرہ زندگی میں ایسے اقدامات کرنے کا عہد کریں جن سے ماحول پر مثبت اثر پڑے،ہمیں پلاسٹک کا استعمال کم کرنا، جنگلات کو فروغ دینا، ری سائیکلنگ کرنا، اور ماحولیاتی تحفظ کی پالیسیوں کو اپنانا ہوگا
میں ہر شہری اور ادارے پر زور دیتا ہوں کہ وہ ایک صاف اور سرسبز پاکستان کے لیے متحد ہو جائیں، آئیے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور قدرتی وسائل کے ذمے دارانہ استعمال کے لیے مل کر کام کریں۔