اسلام آباد وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے امریکہ کے یوم آزادی کی 249 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی ،وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے امریکی سفارت خانے کے چارج ڈی افیئرز محترمہ ناتالی بیکر سے ملاقات۔
یوم آزادی کے اس خوشی کے موقع پر، پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔اس موقع پر حنیف عباسی نے کہا کہ امریکہ کی جمہوریت کا نظام ایک عوامی حکومتی تشکیل پر مبنی ہے، جہاں ہر شہری کو ووٹ دینے کا حق حاصل ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ امریکہ پاکستان کا ایک بڑا تجارتی شریک ہے، اور دونوں ممالک نے کئی اقتصادی منصوبوں پر مشترکہ طور پر کام کیا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی تعلقات بھی مستحکم ہیں۔ یوم آزادی کی خوشیوں کے ساتھ، ہم امریکی عوام کے لیے مزید ترقی، خوشحالی اور امن کی دعا گو ہیں۔
قبل ازیں وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریاٹ سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ریلوے کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے گفتگو کی۔
ملاقات کے دوران، وزیر ریلوے نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ریلوے کی ترقی اور جدید کاری کے لئے ایک جامع حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے تجربات سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ ملک میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنایا جا سکے اور اس شعبے میں کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
دونوں فریقین نے حالیہ اعلیٰ سطحی مذاکرات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دوستی اور اقتصادی تعاون کے رشتے مستحکم بنیادوں پر قائم ہیں۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک نے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا، خاص طور پر ریلوے کے شعبے میں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان، برطانیہ کے ساتھ اپنے ریلوے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور جدید طریقوں کے استعمال کو فروغ دینا چاہتا ہے، تاکہ اس شعبے کی کارکردگی اور معیشت پر اس کے اثرات کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ دونوں ملکوں کے مابین اس شعبے میں باہمی مفاد کے پروجیکٹس پر کام جاری رہے گا، جس سے نہ صرف دونوں ممالک کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا، بلکہ عوامی نقل و حمل میں بھی بہتری آئے گی