اسلام آباد: مراکش کی حکومت نے تعلیمی سال 2025-26 کے لیے پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈنگ پر مبنی 10 اسکالرشپس کا اعلان کیا ہے، جو وہاں کے سرکاری اعلیٰ تعلیمی، تکنیکی اور پیشہ ورانہ اداروں میں دستیاب ہوں گی۔
یہ اسکالرشپس میڈیکل، انجینئرنگ، مینجمنٹ سائنسز، ویٹرنری سائنسز اور آرکیٹیکچر جیسے شعبہ جات میں دستیاب ہیں، اور یہ پاکستانی طلبہ کے ساتھ ساتھ آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے لیے بھی کھلی ہیں۔
امیدوار اپنی تعلیمی اہلیت اور عمر کے مطابق انڈرگریجویٹ، ماسٹرز یا پی ایچ ڈی ڈگری پروگرامز میں داخلے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
متعلقہ: طلبہ کے لیے اسکالرشپ سے متعلق اہم خوشخبری
درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ جمعرات، 12 جون 2025 مقرر کی گئی ہے۔
درخواست دہندہ کا پاکستانی یا آزاد جموں و کشمیر کا شہری ہونا لازمی ہے، اور اس کے پاس دوہری شہریت نہیں ہونی چاہیے۔
انڈرگریجویٹ سطح پر درخواست دینے والے طلبہ نے کم از کم 12 سالہ تعلیم (ایف ایس سی یا اے لیول) مکمل کی ہو، اور ان کی عمر 23 سال سے زائد نہ ہو۔ ماسٹرز کے خواہشمندوں کو 16 سال جبکہ پی ایچ ڈی کے لیے درخواست دہندگان کو 18 سال کی تعلیم مکمل کرنی چاہیے۔
چونکہ مراکش کی زیادہ تر تعلیمی درسگاہوں میں تدریس کا ذریعہ فرانسیسی زبان ہے، اس لیے منتخب طلبہ کو پاکستان میں قائم Alliance Française یا دیگر منظور شدہ اداروں سے فرانسیسی زبان کا کورس مکمل کرنا ہوگا۔
عربی زبان و ادب اور اسلامیات کے پروگرامز عربی زبان میں پڑھائے جاتے ہیں، لہٰذا ان کورسز میں داخلہ لینے والوں کے لیے عربی زبان میں مہارت ضروری ہے۔
دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو ایچ ای سی کے پورٹل scholarship.hec.gov.pk پر آن لائن درخواست دینا ہوگی۔
شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں سے تعلیمی اسناد، موٹیویشن لیٹر، دو عدد سفارشات، میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ، اور پولیس کلیئرنس سمیت دیگر متعلقہ کاغذات طلب کیے جائیں گے۔