مظفرآباد: آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے محکمہ تعلیم سکولز کے دستور العمل میں اہم ترمیمات کرتے ہوئے سرکاری سکولوں کی صبح کی اسمبلی میں “تاجدار ختم نبوت زندہ باد” کا نعرہ لازمی قرار دے دیا ہے۔
ایلیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، اب سکول اسمبلی کا دورانیہ 30 منٹ مقرر ہوگا۔ اس دوران تلاوت قرآن و ترجمہ، حمد، درود شریف، نعت، نماز کے اسباق، کلمے، صفت ایمان، مسنون دعائیں، اجتماعی دعا، پرچم کشائی، قومی و ریاستی ترانے، منتخب خطاب اور چیکنگ کے لیے باقاعدہ وقت مختص کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ختم نبوت سے متعلق قرآنی آیات کو نمایاں مقامات پر آویزاں کرنا بھی لازمی ہوگا، تاکہ طلبہ میں عقیدۂ ختم نبوت سے متعلق شعور و آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ فیصلہ تعلیمی اداروں میں دینی اقدار کے فروغ اور قومی نظریاتی بنیادوں کو مضبوط بنانے کی غرض سے کیا گیا ہے۔