اسلام آباد ۔پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر، عاطف محمد خان، جنہیں حال ہی میں فراڈ اور مالی غبن کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا، ان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست عدالت نے مسترد کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، عاطف محمد خان کی جانب سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (جنوبی)، احسان ملک کی عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں ان کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے تاحال ان کے موکل کے خلاف کوئی واضح شواہد پیش نہیں کیے اور نہ ہی متعلقہ اکاؤنٹس کی آڈٹ رپورٹس عدالت میں جمع کروائی گئی ہیں۔
تاہم، نجی بینک کے وکلاء نے اس درخواست کی سخت مخالفت کی، مؤقف اپنایا کہ عاطف محمد خان بطور چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے کمپنی کے مالی وسائل کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کرتے رہے۔ وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے ذمے بدعنوانی اور سنگین مالی فراڈ کے الزامات ہیں۔
عدالت نے دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد عاطف محمد خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے کے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے 8 مارچ 2025 کو انہیں 64 کروڑ روپے کے مبینہ مالیاتی فراڈ کے کیس میں گرفتار کیا تھا۔ الزامات کے مطابق، بطور سابق سی ای او انہوں نے کمپنی کے فنڈز میں خرد برد کی اور کروڑوں روپے ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل کیے۔
اس کیس میں نادیہ حسین کو بھی تحقیقات کے دوران ایف آئی اے میں طلب کیا گیا ہے، کیونکہ بعض مالیاتی سرگرمیوں میں ان کے علم یا ممکنہ شمولیت کی جانچ جاری ہے۔