واشنگٹن۔سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آرمی کیڈٹس سے خطاب کے دوران امریکی فوج کو طاقتور بنانے کا سہرا اپنے سر لے لیا۔
ویسٹ پوائنٹ ملٹری اکیڈمی میں منعقدہ گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کیڈٹس کو تعلیمی اور جسمانی کامیابیوں پر مبارکباد دی اور دعویٰ کیا کہ آج کی مضبوط امریکی فوج ان کی قیادت اور پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
مشی اسٹیڈیم میں ہونے والی تقریب میں ٹرمپ کا کہنا تھا، ’’ہماری فوج اس وقت دنیا کی سب سے بڑی اور طاقتور فوج ہے۔ ہم نے اسے دوبارہ منظم کیا ہے، جدید اسلحے سے لیس کیا ہے، اور امریکا کا شاندار ماضی واپس لانے کی بنیاد رکھی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دورے کامیاب اور نتیجہ خیز رہے، اور وہاں کے رہنماؤں کے ساتھ بہترین ملاقاتیں ہوئیں۔
اپنے خطاب کے دوران ٹرمپ نے کہا: ’’آپ سب جلد ہی انسانی تاریخ کی سب سے باوقار اور مشہور فوجی اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہونے جا رہے ہیں، اور آپ دنیا کی سب سے طاقتور فوج کے افسران کا حصہ بنیں گے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا، ’’میں جانتا ہوں کہ یہ فوج آج اس مقام پر کیوں ہے، کیونکہ میں نے ہی اپنے دورِ صدارت میں اسے دوبارہ سے تعمیر کیا۔‘‘
تقریر کے دوران ٹرمپ نے کیڈٹ کرس ورڈوگو کو اسٹیج پر بلایا اور اس کی محنت کو سراہتے ہوئے بتایا کہ اس نوجوان نے جنوری کی ایک سرد رات میں 18.5 میل طویل مارچ محض دو گھنٹے اور 30 منٹ میں مکمل کیا۔